ایس ایم تنویر نے ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول دی: زاہد اقبال

 ایس ایم تنویر نے ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول دی: زاہد اقبال

صنعت کار شدید بحران میں ہیں ،حقیقی ترقی صنعتوں کی بقا، برآمدات میں اضافہ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) سابق نائب صدر ایف پی سی آئی زاہد اقبال چوھدری نے قومی معیشت کی تنزلی سے متعلق سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر کے موقف کو حقائق کی عکاسی قرار دیا ہے ۔ میڈیا کو جاری بیان میں زاہد اقبال چوھدری نے کہا کہ ایس ایم تنویر نے حالیہ پریس کانفرنس میں ملک کی معاشی صورتحال کو مکمل حقائق کی روشنی میں بیان کیا، جس نے حکومت کے بلند بانگ ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ تاجر برادری ایس ایم تنویر کے جرات مندانہ موقف کی مکمل حمایت کرتی ہے زاہد اقبال چوھدری نے کہا کہ چوکوں چوراہوں میں روشنیاں لگا دینا ترقی نہیں، بلکہ حقیقی ترقی صنعتوں کی بقا، برآمدات میں اضافہ، روزگار کے مواقع اور صنعت کاروں کو سستی بجلی و سہولیات کی فراہمی سے ممکن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں 145 سے زائد یونٹس بند ہو چکے ہیں، مہنگی توانائی، بلند شرح سود اور غیر مسابقتی ٹیکس نظام کی وجہ سے صنعتیں تباہی کی جانب جا رہی ہیں، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو معیشت مزید کمزور ہو کر دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کے دعوؤں کے برعکس صنعت کار شدید بحران میں ہیں اور رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر شعبوں میں مندی کی وجہ سے 40 سے زائد متعلقہ صنعتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ زاہد اقبال چوھدری نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی، شرح سود سنگل ڈیجٹ تک لانا، ٹیکس میں نرمی اور برآمدات کے لیے ریلیف پیکج کے بغیر معاشی استحکام کا خواب ادھورا رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ صنعت کو وینٹی لیٹر سے نکال کر حقیقی ترقی کی راہ پر لگایا جائے اور ایس ایم تنویر کی تجاویز پر فوری عمل درآمد کر کے صنعت کاروں کا اعتماد بحال کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں