ریلوے پولیس اہلکار کی ایمانداری ،11لاکھ مسافر کو لوٹا دئیے
فضل رحیم کراچی سے راولپنڈی جارہا تھا،سرگودھا سٹیشن پر رقم کا بیگ بھول گیارانا ذوالفقار نے بیگ کی تلاشی لی تو رقم برآمد ہو ئی ،مالک کو تلاش کر بیگ حوالے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ریلوے پولیس سرگودھاکے اہلکار کی ایمانداری نے سب کے دل جیت لئے ، رقم سے بھرا بیگ ملنے پر مالک کو تلاش کر کے اس کے حوالے کر دیا گیا، ریلو ے پولیس سرگودھا حکام کے مطابق ایبٹ آباد کا رہائشی فضل رحیم ہزارہ ایکسپریس میں کراچی سے راولپنڈی سفر کر رہا تھا کہ ریلوے جنکشن سرگودھا پر گاڑی رکی تو اسٹیشن پر لگے کولر سے پانی بھرنے کے لئے وہ اپنا رقم سے بھرا بیگ کولر کے ساتھ لٹکا کر بھول گیااور گاڑی چلنے پر جلدی جلدی اس میں سوارہوکر چلا گیا، جس کے بعد ریلوے پولیس سرگودھا کے اے ایس آئی رانا ذوالفقار کو پلیٹ فارم پر لگے واٹر کولر سے لٹکا ایک لاوارث بیگ ملا،بیگ کو مشکوک سمجھ کر اس کی تلاشی لی تو اس میں 11 لاکھ روپے کی بھاری رقم موجود تھی فضل رحیم کو تلاش کر کے بیگ تصدیق کے بعد اس کے حوالے کر دیاگیا۔