دھوری روڈ پر نہر شاہ پور برانچ کا پل موت کا جال بن گیا
حفاظتی دیوار اور جنگلا نہ ہونے سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں
بھیرہ (نامہ نگار) دھوری روڈ پر واقع نہر شاہ پور برانچ کے پل پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کی زندگیاں مسلسل خطرے سے دوچار ہیں۔ پل کے دونوں اطراف نہ حفاظتی دیوار موجود ہے اور نہ ہی کوئی جنگلا نصب کیا گیا ہے ، جس کے باعث یہاں متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔علاقہ مکینوں کے بارہا مطالبات کے باوجود محکمہ انہار، ہائی وے اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اس سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحصیل بار بھیرہ کے ارکان سردار محمود منور خان ایڈووکیٹ، حمزہ شمشاد خان ایڈووکیٹ، حیدر شمشاد خان ایڈووکیٹ اور شکیل عباس جنجوعہ نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ دھوری روڈ پر نہر شاہ پور برانچ کے پل کے دونوں اطراف طور پر حفاظتی دیوار یا جنگلا نصب کیا جائے۔ تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔