گھروں میں قائم 450 سکولوں کیخلاف کارروائی ٹھپ
ریجن بھر میں فیملی کوارٹرز اور گھروں میں سکولوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کے احکامات پر عملدرآمد ایجوکیشن اتھارٹی حکام کی دانستہ چشم پوشی کی نذر ہو کر فائلوں میں دفن
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت ریجن بھر میں فیملی کوارٹرز اور گھروں میں قائم ساڑھے چار سو سے زائد نجی سکولوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے احکامات پر عملدرآمد ایجوکیشن اتھارٹی حکام کی دانستہ چشم پوشی کی نذر ہو کر فائلوں میں دب کر رہ گیا ہے ،اور بار بار ہدایات کے باوجود عملدرآد کا فقدان سکیورٹی خدشات کے ساتھ ساتھ کسی بھی نا گہانی حادثہ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ،ذرائع کے مطابق ایسے نجی سکولوں کی فہرستیں او رریکارڈ بلدیاتی نظام تبدیل ہونے سے قبل ٹی ایم ایز مرتب کر چکی ہیں۔
جن کی تصدیق سکولوں کی حالیہ مانیٹرنگ کے دوران کی گئی جس میں جہاں مختلف قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی پائی گئی وہاں اس امر کی خصوصی طور پر نشاندہی کی گئی ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں سکول پانچ سے چھ افراد کے فیملی کوارٹرز میں قائم کئے گئے ہیں زیادہ تر نجی سکولز دیہی علاقوں میں واقع ہیں،جہاں بلڈنگ کلیئرنس کے بوگس سرٹیفکیٹس پرمختصر عمارت میں سو سے ڈیڑھ سو بچے زیر تعلیم ہیں، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی کمزور گرفت کے باعث کاروباری مقاصد کیلئے بنائے گئے۔
ان سکولوں کی انتظامیہ ایجوکیشن اتھارٹی کے متعلقہ شعبہ کی مبینہ ساز باز سے بار بار نوٹس جاری ہونے کے باوجود سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے میں لعت و لعل سے کام لے رہی ہیں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اس حوالے سے ایکشن لینے کیلئے ایجوکیشن اتھارٹی کو متعلقہ ریکارڈ بھجوا چکے ہیں جس پر عملدرآمد میں ایک مخصوص مافیا رکاوٹ بنا ہوا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امر سکیورٹی کے علاوہ ناگہانی حادثہ کا سبب بھی بن سکتا ہے ،جس پر فوری ایکشن لینے کی ضرورت ہے ۔