کلورکوٹ میں یومِ یکجہتی کشمیر پر بڑی ریلی نکالنے کا اعلان
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا)پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر کلورکوٹ میں بھرپور اور منظم انداز میں منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع بھکر کے امیر سید افتخار حسین شاہ نے کلورکوٹ کے ایک مقامی ہوٹل میں تاجروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران سے مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا۔
سید افتخار حسین شاہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا شکار بھائیوں، بہنوں اور بیٹیوں کیلئے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پانچ فروری بروز بدھ صبح ساڑھے دس بجے دھوبی چوک کلورکوٹ سے ریلوے پھاٹک تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی ۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کے تحصیل صدر رانا لیاقت علی، سٹی صدر رانا شوکت علی، تاجر رہنما رانا محمد خالد، سربراہ جامعہ رحیمیہ حسینیہ مولانا محمد فاروق، صدر جے یو آئی مولانا عبدالمتین، سابق جنرل سیکرٹری طارق گل، مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری رانا عتیق الرحمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔