فاروقہ میں دو ماہ بعد ریڑھی بانوں کا کاروبار دوبارہ شروع
سیاسی جماعتوں کے ردعمل پر قرعہ اندازی کے ذریعہ ریڑھیاں دوبارہ تقسیم رورل ہیلتھ کمپلیکس، ہائی سکول کی دیوار کے ساتھ 100 ریڑھیاں لگوا دیں
فاروقہ/سرگودھا (نمائندہ دنیا)فاروقہ میں دو ماہ بعد ریڑھی بانوں نے اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل انتظامیہ اور پیرا فورس نے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مین روڈ پر کھڑی ریڑھیوں کے خلاف کارروائی کی تھی، جس میں متعدد ریڑھیوں سے سامان اتار کر قبضے میں لے لیا گیا تھا۔اس کارروائی کے باعث سینکڑوں ریڑھی بان بے روزگار ہو گئے اور کئی گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، جس پر ن لیگ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
تمام سیاسی جماعتوں نے کھل کر ریڑھی بانوں کے حق میں آواز اٹھائی۔عوامی دباؤ کے بعد انتظامیہ نے ریڑھی بانوں سے درخواستیں طلب کیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے حکومتِ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ ریڑھیاں تقسیم کیں۔ بعد ازاں ضبط کی گئی ریڑھیاں واپس کر کے رورل ہیلتھ کمپلیکس اور گراؤنڈ ہائی سکول کی دیوار کے ساتھ 100 سے زائد ریڑھیاں لگوا دی گئیں، جس کے بعد ریڑھی بانوں نے دوبارہ کاروبار شروع کر دیا۔