ڈی سی سیالکوٹ کا گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول آڈھا کا دورہ
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ۔۔۔
ملک کی پائیدار معاشی و سماجی ترقی کے لیے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا ناگزیر ہے ، اور جب تک ہم اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کریں گے ، ہم عالمی سطح پر مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول آڈھا، تحصیل ڈسکہ کے دورے کے موقع پر طالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طالبات سے نصابی سوال و جواب کیے ۔ انہوں نے سکول کے تدریسی عمل اور نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کیا اور طالبات سے کہا کہ آج کا دور سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کا ہے ، اس لیے انہیں اپنی تمام توجہ حصولِ علم پر مرکوز رکھنی چاہیے اور خود کو جدید دور کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا چاہیے ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سکول کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ صاف ستھرا اور سرسبز ماحول تعلیمی سرگرمیوں کے لیے انتہائی ضروری ہے ۔اور اسکولوں میں پودے لگانے سے طالبات میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور بیدار ہوگا۔