شاہ پور صدر میں آوارہ کتوں کا حملہ، متعدد شہری زخمی ہو گئے
گجر کالونی میں بائولے کتے نے 7افراد کو کاٹ لیا،زخمی ہسپتال منتقل کر دئیے گئے
شاہ پور صدر (نامہ نگار)شاہ پور صدر اور گردونواح کی آبادیوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، گجر کالونی میں ایک باؤلے کتے نے عنصر عباس، محمد عباس، محمد اکمل، محمد منتظر، محمد ولد الطاف، خدا بخش اور دوست محمد کو کاٹ لیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ویکسین دی گئی جبکہ تین افراد کو تشویشناک حالت کے باعث سرگودھا ریفر کر دیا گیا۔
شہریوں کے شدید احتجاج پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور ڈاکٹر عابد ممتاز خان نے میونسپل کمیٹی کے عملہ کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ایم سی کے عملہ نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد محلہ کلیاں کے قریب کتے کو تلاش کر کے مار ڈالا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شاہ پور صدر شہر اور دیہات میں باقاعدہ کتا مار مہم شروع کی جائے ۔