غیر قانونی ہاؤ سنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈاؤن ، 6 سیل

 غیر قانونی ہاؤ سنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈاؤن ، 6 سیل

گل والا ،کمبوہ کالونی ،مجاہد کالونی ،نیو ملت پارک،42شمالی ،علی پارک کی سکیمیں شامل ،تشہیری بورڈزاتروا دئیے گئے ، کھیوٹ بلاک ،8مالکان کیخلاف مقدمات درج

 سرگودھا (نعیم فیصل سے )انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور ایکشن کا آغاز کر دیا گیا۔ چھ ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے دفاتر کو سربمہر کرتے ہوئے مختلف مقامات پر لگے ان کے تشہیری بورڈز اتار دیے گئے ، کھیوٹ بلاک کر دی گئی جبکہ مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈر سمیت آٹھ مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے ۔بتایا جاتا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے شعبہ پلاننگ کے انفورسمنٹ آفیسر علی عمران اور عشارب منیر نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ گل والا، کمبوہ کالونی، مجاہد کالونی، نیو ملت پارک، 42 شمالی اور علی پارک میں کارروائیاں کرتے ہوئے نجی ہاؤسنگ سکیموں کو سربمہر کر دیا، جہاں منظوری کے بغیر غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی تھیں۔

انفورسمنٹ آفیسر علی عمران کے مطابق اس سے قبل تعمیر کنندگان اور مالکان کو پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت نوٹسز جاری کیے گئے تھے ، تاہم مالکان نے نہ تو کوئی جواب جمع کروایا اور نہ ہی موقع پر تعمیرات سے باز آئے جو کہ ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے ۔اس خلاف ورزی پر متعلقہ ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا، شہر کے مختلف مقامات پر لگے ایڈورٹائزمنٹ بورڈز اور بینرز اتار دیے گئے جبکہ محکمہ مال کے ذریعے ان ہاؤسنگ سکیموں کی کھیوٹس بلاک کروا دی گئیں۔ بعد ازاں مالکان، جن میں مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈر تبریز گل سمیت ظفر اسلام، مظہر الحق، ناصر اقبال، فواد علی اور دیگر شامل ہیں، کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں