پٹرول مہنگا،دکانداروں کا خودہی منی بجٹ نافذ

پٹرول مہنگا،دکانداروں کا خودہی منی بجٹ نافذ

روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے بھجوائے گئے سرکاری نرخ ناموں میں بعض اشیاء کی اضافی قیمتیں درج ہونے کے باوجودنوٹس نہیں لیا گیا زرعی اجناس، کاسمیٹیکس کی 43 آئٹمز، گھی اور سگریٹ وغیرہ کی قیمتوں میں 8 سے 12فیصد تک اضافہ ، دوکانداروں نے قیمتیں بڑھائی ہیں، ہول ڈیلرز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی اور چشم پوشی کے باعث منافع خور مافیا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور کرایہ جات میں اضافہ کو جواز بنا کر راتوں رات منی بجٹ نافذ کر دیا گیا، بعض اشیاء ہول سیل ڈیلروں جبکہ بیشتر اشیاء کی قیمتیں دوکانداروں کی طرف سے از خود بڑھا دی گئیں، اور چیک اینڈ بیلنس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے انتظامیہ کو بھجوائے گئے سرکاری نرخ ناموں میں بعض اشیاء کی اضافی قیمتیں درج ہونے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، ذرائع کے مطابق زرعی اجناس، کاسمیٹیکس کی 43 آئٹمز، گھی اور سگریٹ وغیرہ کی قیمتوں میں 8 سے 12فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، اور یہ جواز تراشہ جا رہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں اور کرایہ جات میں اضافہ کی وجہ سے ٹرانسپوٹیشن کے اخراجات بڑھے ہیں، جس کی وجہ سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے ، جبکہ انہی اشیاء کی قیمتوں میں دس فیصد تک اضافہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں بھی کیا گیا تھا،اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد کچھ اشیاء کی قیمتوں میں ہول سیل ڈیلرز نے اضافہ کیا تو ان کی دیکھا دیکھی دوکانداروں نے دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھا دیں ،ہول سیل ڈیلروں کا کہنا ہے کہ دوکانداروں نے قیمتیں بڑھائی ہیں جبکہ دوکانداروں کی طرف سے تمام ملبہ ان پر گرایا جا رہا ہے جبکہ انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے ، جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ ضلع میں گرانفروشی پہلے ہی عروج پر ہے ،صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے مافیا کے لوگوں کی اعلی حکام تک رسائی ہے ، اور اگر انتظامیہ نے ایکشن لیا بھی تو صرف چھوٹے دوکاندار لپیٹ میں آئیں گے ،منی بجٹ کا از خود نفا ذ حکومتی رٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے ارباب اختیار کو نوٹس لینا چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں