بجٹ کے حوالے سے تمام محکموں سے ڈیمانڈز اور سفارشات طلب
تعلیم ،صحت،زراعت سمیت تمام محکموں میں رپورٹس کی تیاری بھی تیزی سے جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تمام محکموں کے ضلعی افسران سے ان کی ڈیمانڈز اور سفارشات طلب کر لی گئی ہیں،جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے تعلیم ،صحت،زراعت سمیت تمام محکموں میں رپورٹس کی تیاری بھی تیزی سے جاری ہے ،اس سلسلہ میں سرکاری ملازمین کی طرف سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تنظیموں کی وساطت سے صوبائی حکومت کو ابھی سے اپنے مطالبات بھجوائے جائیں ،اور ان مطالبات کی منظوری کے بغیر بجٹ پاس نہ ہونے دیا جائے جس کیلئے بالخصوص چھوٹے ملازمین کے اندر تنخواہوں اور مراعات کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے ،اور اس حوالے سے دفتری اوقات کار میں میٹنگز و نشستوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیاہے ،ڈویژنل صدر ایپکا محمد پرویز اختر چوہدری کے مطابق اب تک یہ طے پایا گیا ہے کہ اگر مہنگائی کر کے غریبوں کا عرصہ حیات مزید تنگ کیا گیا اور چھوٹے سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی پیکجز اور الاؤنسز میں سو فیصد اضافہ کے علاوہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق بجٹ مرتب نہ کیا گیا تومنطقی انجام تک تحریک چلائی جائے گی۔