سیلاب انتظامات اور مون سون سیزن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ

سیلاب انتظامات اور مون سون سیزن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ

دریاؤں کے حفاظتی پشتوں کی مضبوطی اور رسپانس سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قبل از سیلاب انتظامات اور مون سون سیزن 2026 کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد ہارون، اسسٹنٹ کمشنرز، پی ڈی ایم اے ، ڈی ڈی ایم اے ، ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، لائیو سٹاک، بلڈنگز، سیکرٹری آر ٹی اے ، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیلابی خطرات، حساس علاقوں کی نشاندہی، فلڈ ریلیف کیمپس، نکاسی آب، دریاؤں کے حفاظتی پشتوں کی مضبوطی اور ہنگامی رسپانس سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کو پری فلڈ انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جبکہ اس سلسلے میں تیار کردہ چیک لسٹ اور ایکشن پلان پیش کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں کو ممکنہ سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو درکار سامان اور آلات کی طلب فوری طور پر بھجوائی جائے اور اپریل تک تمام اہم تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے ۔

 اجلاس میں بتایا گیا کہ اربن یونٹ کی جانب سے دریائی کناروں پر واقع آبادیوں کا پارسل سروے جاری ہے ، جس کی اب تک کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ یہ سروے جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ خطرے سے دوچار آبادیوں کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ مشقیں (Mock Exercises) کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر رسپانس یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں