ہارٹیکلچر ایجنسی کے ساڑھے تین سو ملازمین تین ماہ سے تنخوا ہوں سے محروم
ملازمین دسمبر سے تنخواہوں کے حصول کیلئے خوار ہو رہے ،حکومت نے مارچ کی تنخواہیں 16مارچ تک ادا کرنے کی ہدایت کی لیکن ان ملازمین کو عید پر بھی تنخواہیں نہیں مل سکی
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) ہارٹیکلچر ایجنسی سرگودھا کا مالی بحران شدت اختیار کر گیا ساڑھے تین سو کے قریب ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ، خزانے میں موجود فنڈز افسران نے انتظامیہ کی خوشنودی کے لئے شہر اور پارکوں کی تزئین و آرائش پر بے دریغ خرچ کر دیئے اور ملازمین ماہ دسمبر سے تنخواہوں کے حصول کیلئے خوار ہو رہے ہیں جبکہ حکومت نے ماہ مارچ کی تنخواہیں 16مارچ تک ادا کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن ان ملازمین کو عید پر بھی تنخواہیں نہیں مل سکی جس وجہ سے ان ملازمین کی عید پھیکی رہی ،متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں نہ ملنے سے ہمارے گھروں کے چولہے جلانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے افسران اپنی تنخواہیں اور دیگر اخراجات کے لئے خزانے سے ادائیگی کروارہے ہیں ایجنسی کی مالی حالت بہتر نہ ہونے کے باوجود افسران کی من مانیوں اور فنڈ ز کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے بھی ادارے کے مالی معاملات متاثر ہو رہے ہیں متعدد بار افسران سے رابطہ بھی کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ، دوسری جانب ہارٹیکلچر ایجنسی حکم کاکہنا ہے کہ حکومت سے خصوصی گرانٹ مانگی گئی ہے گرانٹ ملتے ہی تنخواہیں ادا کر دی جائے گی۔