ضلع بھکر میں میٹرک امتحانات کیلئے 53 امتحانی مراکز قائم
ضلع بھکر میں میٹرک امتحانات کیلئے 53 امتحانی مراکز قائمسپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس سمیت تمام امتحانی عملہ تعینات کر دیا گیا
کلورکوٹ (نمائندہ دُنیا )سرگودھا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام 30 مارچ بروز سوموار سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے لیے ضلع بھکر میں مجموعی طور پر 53 امتحانی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس سمیت تمام امتحانی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے ۔ ضلع بھکر کے تمام امتحانی مراکز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ امتحانات شفاف اور پرامن انداز میں منعقد ہو سکیں۔تحصیل بھکر میں مجموعی طور پر 20 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 15 بوائز و گرلز مراکز اور 5کمبائنڈ امتحانی مراکز شامل ہیں۔تحصیل منکیرہ میں 10 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 3 بوائز، 3 گرلز اور 4 کمبائنڈ مراکز شامل ہیں۔تحصیل کلورکوٹ میں 12 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 5 بوائز، 4 گرلز اور 3 کمبائنڈ امتحانی مراکز شامل ہیں۔اسی طرح تحصیل دریا خان میں 11 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 6بوائز اور 5 گرلز مراکز شامل ہیں۔حکام کے مطابق 30 مارچ بروز سوموار کو پہلا پرچہ انگلش کا لیا جائے گا، اور تمام مراکز پر سکیورٹی اور انتظامی امور کو مکمل یقینی بنایا گیا ہے ۔