امتحانات کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس
امتحانات کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس کلاس رومز، لائبریری اور گراؤنڈز سمیت تمام اہم مقامات پر انتظامات کئے جا رہے
جوہرآباد (نمائندہ دُنیا )ضلع خوشاب کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے سالانہ امتحانات کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مشترکہ اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ڈی پی او ڈاکٹر عمارہ شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غزالہ کنول، سی ای او ایجوکیشن عیسیٰ لالی، سی ٹی ڈی آفیسر، اسپیشل برانچ، پرنسپل ڈسٹرکٹ پبلک سکول چوہدری صلاح الدین اور سکیورٹی برانچ کے افسر شریک ہوئے ۔اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری و نجی سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں قائم میٹرک امتحانی مراکز کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ امتحانی مراکز کے مین گیٹس، کنٹرول رومز، کلاس رومز، لائبریری اور گراؤنڈز سمیت تمام اہم مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ سکیورٹی گارڈز کی ڈیوٹی کا روسٹر بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔سی ای او ایجوکیشن عیسیٰ لالی اور پرنسپل ڈی پی ایس سکول چوہدری صلاح الدین نے اجلاس کو سکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں اور سکیورٹی پر مامور گارڈز کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے ۔اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے بھی یقین دہانی کرائی کہ ضلعی پولیس امتحانی مراکز کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اجلاس میں شریک افسروں نے سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔