گرلز کالج و سکول کے گندگی کے ڈھیر آگ لگا کر تلف

گرلز کالج و سکول کے گندگی کے ڈھیر آگ لگا کر تلف

دھوئیں اور بدبو سے طالبات اور سٹاف کی صحت متاثر، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

گگومنڈی (نامہ نگار) گورنمنٹ گرلز کالج اور گرلز سکول کے سامنے گندگی کے ڈھیر لگا کر انہیں آگ لگا کر تلف کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے علاقے میں شدید ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تعینات سینیٹری ورکرز مبینہ طور پر کچرے کے ڈھیر ایک جگہ منتقل کرنے کے بجائے روزانہ انہیں جلا کر ختم کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔ آگ لگانے کے باعث اٹھنے والا دھواں گرلز کالج اور سکول کی عمارتوں تک پھیل جاتا ہے جس سے طالبات اور اساتذہ کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ قریبی آبادی کے مکینوں نے بھی بدبو اور دھوئیں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحت کے لیے خطرناک قرار دیا ہے ۔ اہل علاقہ محمد افضل، رانا نصیر احمد، چوہدری ندیم گجر، چوہدری سہیل اصغر، اعجاز سیکرٹری اور عبد المنان آرائیں ودیگر نے بتایا کہ روزانہ جلائے جانے والے کچرے سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا ملک جواد حسین سے فوری نوٹس لینے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں نے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر کچرے کے ڈھیروں کو محفوظ طریقے سے منتقل نہ کیا گیا اور جلانے کا عمل بند نہ کیا گیا تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے اور تعلیمی اداروں کی طالبات کی صحت مستقل خطرے میں رہے گی جبکہ انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان بن رہی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ دہرا دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں