بھیرہ:21 لاکھ روپے ڈکیتی کیس کے ملزمان کی گرفتاری
بھیرہ (نامہ نگار )چند روز قبل شہر میں دن دیہاڑے ہونے والی لاکھوں روپے کی ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری پر انجمن تاجران بھیرہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے
انجمن تاجران بھیرہ کے سرپرست حاجی شیخ شوکت علی صراف اور صدر رانا محمد بلال نے سب ڈویژنل پولیس آفیسر رانا شاہد سلطان اور ایس ایچ او تھانہ بھیرہ راجہ ریحان حفیظ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دن دہاڑے تاجر سے 21 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے واقعہ نے تاجر برادری اور شہریوں میں شدید عدم تحفظ پیدا کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ملزمان کو گرفتار کیا بلکہ تاجر برادری کا اعتماد بھی بحال کیا ہے ۔
تاجر رہنماؤں نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی اور جرائم کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھیرہ پولیس کی حالیہ کامیاب کارروائی سے عوام اور تاجروں میں اطمینان کی فضا پیدا ہوئی ہے اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی پولیس اسی جذبے کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔