پرائس کنٹرول نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف
پرائس کنٹرول نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشافمتعدد ملازمین پر چالان بکس غائب ہونے ،جعلی پرچیوں کے استعمال جیسے الزامات
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلع میں پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں اور قانون شکنی کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ماتحت عملے پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعدد ملازمین پر الزام ہے کہ وہ چالان کی مد میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ دکانداروں اور ریڑھی بانوں سے غیر قانونی مراعات، نقدی اور اشیاء وصول کرتے ہیں۔ بعض ملازمین پر چالان بکس غائب ہونے اور جعلی پرچیوں کے استعمال جیسے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ یہ عملہ بعض اوقات افسران کی مبینہ غلط رہنمائی پر پسند و ناپسند کی بنیاد پر کارروائیاں بھی کرتا ہے ، جس سے پرائس کنٹرول نظام کی شفافیت متاثر ہو رہی ہے ۔ دکانداروں سے کپڑے ، جوتے اور دیگر اشیاء لینے کی شکایات بھی معمول بن چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ادارہ اس صورتحال پر پہلے ہی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو رپورٹ بھجوا چکا ہے اور ملازمین کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔ اس سے قبل سابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو معاملے کی چھان بین کے احکامات بھی جاری کیے گئے تھے ، تاہم کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔صورتحال جوں کی توں برقرار رہنے کے باعث مبینہ طور پر مصنوعی مہنگائی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بھی اسی نظام کی کمزوریوں کو قرار دیا جا رہا ہے ۔