اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ 50 لاکھ کے فراڈ کا مقدمہ
اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ 50 لاکھ کے فراڈ کا مقدمہروزینہ اکرام نے محمد عمران کو ہوٹلنگ کے کاروبار کا لالچ دے کر سرگودھا بلایا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ہوٹل بنانے کا جھانسہ دے کر اوورسیز پاکستانی سے مبینہ طور پر ساڑھے 6 کروڑ روپے ہتھیانے کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ملت آباد کی رہائشی روزینہ اکرام نے اوورسیز پاکستانی محمد عمران خان کو ہوٹلنگ کے کاروبار کا لالچ دے کر سرگودھا بلایا۔ متاثرہ شخص کو گھر پر رات کے کھانے کی دعوت دی گئی اور اس دوران مبینہ طور پر پانچ کارندوں سے ملاقات بھی کروائی گئی۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی کے نام پر ساڑھے 6 کروڑ روپے سے بھرا بیگ اور قیمتی سامان امانت کے طور پر رکھوا لیا گیا۔ بعد ازاں جب متاثرہ شخص نے پلاٹس پسند نہ آنے پر رقم واپس مانگی تو ملزمان نے مبینہ طور پر انکار کر دیا اور رقم واپس کرنے سے صاف انکاری ہو گئے ۔تھانہ ساجد شہید پولیس نے مدعی محمد عمران خان کی درخواست پر فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ایف آئی آر میں مرکزی ملزمہ روزینہ اکرام سمیت تنویر، محمد نعمان، عامر اور دیگر چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔