تحصیل ہسپتالوں کے توسیعی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر خصوصی آڈٹ کا فیصلہ
پہلے مرحلے میں ٹی ایچ کیو ہسپتال بھلوال، بھیرہ اور کوٹ مومن میں جاری تعمیراتی کاموں کے ابتدائی تخمینہ جات، ورک آرڈرز اور اب تک ہونے والے اخراجات کے مکمل واؤچرز طلب کر لئے گئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ضلع کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے توسیعی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شکایات کے پیش نظر خصوصی آڈٹ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے ۔پہلے مرحلے میں ٹی ایچ کیو ہسپتال بھلوال، بھیرہ اور کوٹ مومن میں جاری تعمیراتی کاموں کے ابتدائی تخمینہ جات، ورک آرڈرز اور اب تک ہونے والے اخراجات کے مکمل واؤچرز طلب کیے گئے ہیں۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے توسیعی منصوبوں کے حوالے سے محکمہ صحت اور بلڈنگز محکمے کے افسران کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات اور تلخی بھی سامنے آ چکی ہے ۔ متعدد ہسپتالوں کے ترقیاتی کاموں میں مبینہ طور پر ناقص تعمیر اور دیگر بے ضابطگیوں کے باعث محکمہ صحت نے پہلے ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔تاخیر اور غیر معیاری کاموں کے باعث یہ منصوبے حکومتی خزانے پر اضافی بوجھ بن رہے ہیں، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے تمام تعمیراتی کاموں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔ محکمہ صحت کی سفارشات پر صوبائی سیکرٹری نے متعلقہ ریکارڈ فوری طور پر طلب کر لیا ہے تاکہ شفاف تحقیقات یقینی بنائی جا سکیں۔