حکومت کی 5مرلہ سکیم میں گھپلوں کی انکوائری ٹھپ
محکمہ مال کے عملے اور مقامی افراد نے مبینہ ساز باز کر کے لوگوں کو احاطہ جات الاٹ کر کے باقی جگہ پر قبضے کر لئے ، الاٹمنٹ کی رسیدیں اور اسناد واپس لے لیں بزدار نے تحقیقات شروع کروائیں جو سیاسی کشمکش کے باعث التواکا شکار ہوئی، لیگی حکومت کے آنے کے بعداب تحقیقات مکمل طور پر ٹھپ کر دی گئیں، ذرائع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ضلع کے دیہی علاقوں میں قائم پانچ مرلہ سکیم کے تحت پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی انکوائری اثر ورسوخ کے باعث ٹھپ ہونے کا انکشاف ہواہے ،ذرائع کے مطابق ایک دہائی قبل سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے غریبوں کو پلاٹس دینے کیلئے مختلف دیہات میں پانچ مرلہ سکیم شروع کی گئی جس کے تحت محکمہ مال کے متعلقہ عملے اور مقامی بااثر افراد نے مبینہ ساز باز کر کے لوگوں کی مختصر تعداد کواحاطہ جات الاٹ کر کے باقی جگہ پر ناجائز قبضے کر لئے ،اور درجنوں افرادسے یہ کہہ کر الاٹمنٹ کی رسیدیں اور اسناد واپس لے لی گئیں کہ یہاں سکیم باضابطہ طور پر منظور ہی نہیں ہوئی ،جس پر متاثرین نے مختلف فورمز پر درخواستیں دیں جن پر عملدرآمد میں متذکرہ بااثر افراد اور محکمہ مال کے ملازمین رکاوٹیں بنتے رہے اس دوران متاثرین کو پتہ چلا کہ ان سے واپس لی گئی اسناد مختلف ناموں سے دوبارہ جاری کر کے احاطہ جات لاکھوں روپے وصول کر کے فروخت کر دیئے گئے ، اس حوالے سابق وزیر اعلی عثمان بزدار نے تحقیقات شروع کروائیں جو سیاسی کشمکش کے باعث مسلسل التواکا شکار ہونے اور لیگی حکومت کے دوبارہ آنے کے بعداب تحقیقات مکمل طور پر ٹھپ کر دی گئیں،جبکہ متاثرین بدستور خوار ہو رہے ہیں، انہوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔