ترقی کا سفر گاؤں کی معیشت مضبوط بنائے بغیر ممکن نہیں،ڈاکٹر امجد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) معروف سماجی شخصیت، ماہرِ تعلیم، اخوت فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب (ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے کہا ہے کہ۔۔۔
پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ دیہی معیشت کے استحکام، نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور جامعات کو مقامی مسائل کے حل سے جوڑنے میں مضمر ہے اگر یونیورسٹیاں اپنی تحقیق، جدت اور انسانی وسائل کو معاشرے کی حقیقی ضروریات کے مطابق بروئے کار لائیں تو ملک میں معاشی اور سماجی تبدیلی کا ایک نیا باب رقم کیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے دورے کے موقع پر خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ نوجوان نسل کو ایسی معاشی سرگرمیوں سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے جو نہ صرف ان کی ذاتی ترقی کا ذریعہ بنیں بلکہ مقامی سطح پر روزگار، پیداوار اور خوشحالی کے نئے مواقع بھی پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اکثریت دیہی علاقوں میں آباد ہے ، اس لیے قومی ترقی کا حقیقی سفر گاؤں کی معیشت کو مضبوط بنائے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے ماڈل ویلیجز کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعات، مقامی آبادی، صنعت اور سماجی اداروں کے اشتراک سے ایسے ماڈل دیہات تشکیل دیے جا سکتے ہیں جو تعلیم، صحت، زراعت، ہنرمندی اور معاشی خود کفالت کے مراکز بن سکیں۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مہمانانِ گرامی کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے حالیہ برسوں میں تدریس، تحقیق، گورننس، انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی روابط کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے ۔