شیڈز کو مقررہ حد تک محدود رکھنے کے حکومتی نوٹس نظر انداز
شیڈز کو مقررہ حد تک محدود رکھنے کے حکومتی نوٹس نظر انداز تجاوزات برقرار رہنے کے باعث بازاروں میں آمدورفت متاثر ہو رہی ہے ، شہری
بھیرہ(نامہ نگار )دکانداروں نے تجاوزات کے خاتمے اور شیڈز کو مقررہ حد تک محدود رکھنے سے متعلق حکومتی نوٹس کو نظر انداز کر دیا۔ انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے دکانداروں کو 7 جون تک مہلت دی تھی کہ وہ تجاوزات ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی دکانوں کے شیڈز کی چوڑائی 3 فٹ تک محدود کریں اور منظور شدہ سائن بورڈ نصب کریں، مگر دکانداروں نے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات برقرار رہنے کے باعث بازاروں میں آمدورفت متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ انتظامیہ نے بھی اپنے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کرانے کے لیے تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ دکانداروں کو جاری نوٹس میں واضح طور پر متنبہ کیا گیا تھا کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامی رٹ برقرار رکھنے اور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سٹی بیوٹیفیکیشن کے احکامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے ۔