محرم کے دوران تمام انتظامات کو جلدمکمل کیا جائے ، امن کمیٹی بھلوال
محرم کے دوران تمام انتظامات کو جلدمکمل کیا جائے ، امن کمیٹی بھلوال مجالس کے مقامات پر سبیلوں، پانی کے چھڑکاؤ اور واش رومز کے مسائل کی نشاندہی
بھلوال(نمائندہ دنیا) امن کمیٹی بھلوال کا ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس میں اسسٹنٹ کمشنر وحید حسن گوندل کی صدارت میں ہوا اسسٹنٹ کمشنر وحید حسن گوندل نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہامحرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کو وقت سے پہلے مکمل کیا جائے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اس موقع پر سکیورٹی اداروں، انتظامیہ، محکمہ واپڈا، محکمہ صحت، محکمہ سوئی گیس، ستھرا پنجاب، ریسکیو 1122 اور انجمن تاجران کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اعجاز حسین شیرازی نے مجالس کے مقامات پر پانی کی سبیلوں، پانی کے چھڑکاؤ اور خواتین کے لیے واش رومز کے مسائل کی نشاندہی کی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری طور پر مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے ۔سید ظہیر عباس شاہ نے نشاندہی کی کہ اکثر مجالس کے دوران بجلی کی بندش ہو جاتی ہے ، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے واپڈا حکام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔سید فضل عباس شاہ (پھلروان) نے صفائی، بجلی اور سکیورٹی کے حوالے سے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی بہترین انتظامات کی امید کا اظہار کیا۔سید احسن شاہ کاظمی نے بتایا کہ محکمہ سوئی گیس کی کھدائی کے باعث محرم الحرام کے جلوس کے تین بلاکس کے راستے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جن کی فوری مرمت کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹی ایم اے کے جنریٹرز یکم محرم سے قبل مجالس کے مقامات پر پہنچا دیے جائیں۔سید نعیم عباس کوکی شاہ نے 9 محرم الحرام کے جلوس کے لیے خصوصی سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی، جبکہ راجہ امجد محمود نے پل نہر سے مرکزی امام بارگاہ تک سڑک کی فوری مرمت اور خصوصی توجہ دینے پر زور دیا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن، بھائی چارے اور محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔جلاس کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون سے محرم الحرام کو پرامن اور بہترین انداز میں مینیج کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔