عزاداری جلوسوں، سبیلوں کے مقامات کی مانیٹرنگ کاجائزہ
تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے ، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ڈی سی کمپلیکس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سیف سٹی، سی سی ٹی وی اور دیگر مانیٹرنگ کیمروں کے ذریعے مجالس، عزاداری جلوسوں، سبیلوں اور نیاز کے مقامات کی مانیٹرنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی فضل قادر نے سیکیورٹی انتظامات جبکہ سیکیورٹی انچارج نے حساس مقامات اور مجالس و جلوسوں پر تعینات نفری کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ٹریفک پولیس حکام نے ٹریفک مینجمنٹ پلان، متبادل راستوں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کے کنٹرول رومز میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین کی حاضری چیک کی اور مجالس و جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کا مشاہدہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مجالس، جلوسوں، سبیلوں اور نیاز کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کنٹرول روم کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور ہجوم والے علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جائے ۔