اندرون شہر 11 کے وی تار گرنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا
ریسکیو 1122 نے علاقے کو محفوظ بنا دیا، کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) اندرون شہر بلاک نمبر 2 میں 11 کے وی بجلی کی مین تار گرنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنا دیا، جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا،ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع موصول ہوئی کہ بلاک نمبر 2 میں گرمی کے باعث 11 کے وی بجلی کی تار زمین پر گر گئی ہے ، جس سے کسی بھی وقت سنگین حادثہ پیش آ سکتا ہے اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ کی ہدایت پر ریسکیو ایمبولینسز اور فائر وہیکل فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر علاقے کا حفاظتی گھیراؤ کیا، شہریوں کو خطرناک مقام سے دور منتقل کیا اور احتیاطی تدابیر کے تحت ٹریفک اور پیدل آمدورفت عارضی طور پر روک دی،ریسکیو ٹیم نے واپڈا حکام سے فوری رابطہ کیا، جنہوں نے بجلی کی سپلائی معطل کر کے گِری ہوئی تار کو محفوظ بنایا۔ خطرہ ختم ہونے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے موقع کا دوبارہ جائزہ لیا ۔اور علاقے کو کلیٔر قرار دے دیا۔