بہتر سہولیات کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا،غیاث میلہ
غیاث میلہ کی آل فرینڈز کرکٹ ٹورنامنٹ میں مہمانِ خصوصی شرکت
بھاگٹانوالہ(نمائندہ دنیا)ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 83 چوہدری اسامہ غیاث میلہ نے نواحی گاؤں چک 71 جنوبی میں منعقدہ آل فرینڈز کرکٹ ٹورنامنٹ میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ انتظامیہ، معززینِ علاقہ، نوجوانوں اور شائقینِ کرکٹ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔چوہدری اسامہ غیاث میلہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ایسے ایونٹس قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات بھی تقسیم کیے ۔