سڑکوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیے جانے کا انکشاف
افسران کی سہولت کاری میں ٹھیکے داروں نے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان ہائی وے کے کرپٹ افسران اور ٹھیکے داروں کے خلاف کاروائی کی جائے ، شہری
سلانوالی(نمائندہ دنیا)سلانوالی شہر میں تعمیر کیے جانے والی سڑکوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیے جانے کا انکشاف ہائی وے افسران کی سہولت کاری میں ٹھیکے داروں نے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر ارباب اختیار اعلیٰ سطحی تحقیقات کروا کر ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں تفصیلات کے مطابق شاہراہیں پل سرکاری عمارتیں عوامی ٹیکسوں سے حاصل شدہ رقم سے تعمیر کی جاتی ہیں اور یہ قومی اثاثہ ہوتی ہیں اور اگر اعلیٰ کوالٹی کے معیاری مٹیریل سے سڑک تعمیر کی جائے تو وہ ہر قسم کے موسمی اثرات اور شدید بارشوں کے باوجود 10 سے 15 سال تک برقرار رہتی ہے لیکن گزشتہ ڈیڑھ سال میں سلانوالی شہر اور دیگر اطراف میں جو سڑکیں تعمیر کی گئی وہ انتہائی ناقص مٹیریل استعمال کیے جانے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہیں اور ابھی حال ہی میں قبرستان روڈ پر کروڑوں روپے کی لاگت سے محکمہ ہائی وے کی نگرانی میں آر سی سی روڈ تعمیر کیا گیا اور اسی طرح کروڑوں روپے کی لاگت سے سینما روڈ کو تعمیر کیا گیا ہے دوران تعمیر ہی ناقص مٹیریل استعمال کیے جانے پر تاجروں اور سماجی حلقوں نے آوازیں اٹھائیں ۔سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اینٹی کرپشن حکام سے ہائی وے سرگودھا کے کرپٹ افسران اور ٹھیکے داروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔