بھاری منافع ، پلاٹوں کی خرید و فروخت کے نام پر میگا سیکنڈل

بھاری منافع ، پلاٹوں کی خرید و فروخت کے نام پر میگا سیکنڈل

رئیل سٹیٹ اینڈ مارکیٹنگ کے نام سے فراڈکرنیوالا گروہ جمع پونجی لوٹ کرغائب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں رئیل سٹیٹ میں بھاری منافع اور پلاٹوں کی خرید و فروخت کے نام پر مبینہ فراڈ کا ایک اورمیگا سیکنڈل سامنے آ گیا،جس پر پولیس نے منصوبے کے مالکان کیخلاف مقدمات کا اندراج شروع کر دیا۔ گروہ کے افراد نے رئیل سٹیٹ اینڈ مارکیٹنگ کے نام سے گزشتہ سال سیٹلائٹ ٹاؤن میں کمپنی کا دفتر بنایا جہاں انچارج ناز تصور لوگوں کو سرمایہ کاری کی پیشکش کا جھانسہ دیتے ہیں۔ اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ 1لاکھ روپے مرلہ کے حساب سے پلاٹ دیئے جائینگے ، دو سال بعد انہیں تین لاکھ روپے مرلہ کے حساب سے واپس خریدا جائے گا، ہر ماہ پانچ فیصد منافع بھی دیا جائے گا۔متاثرین کے مطابق ملزموں کی یقین دہانی پر انہوں نے لاکھوں روپے اپنی جمع پونجی کے نقد اور اور بینک ٹرانزیکشن کے ذریعے ادا کیے ، جسکے بدلے انہیں فائلیں، رسیدیں اور دیگر دستاویزات فراہم کی گئیں۔ ابتدا میں چند ماہ تک منافع ادا کیا گیا، بعد ازاں ادائیگیاں بند کر دی گئیں ،معاہدے کے مطابق پلاٹ واپس خریدنے یا رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا گیا تو ملزموں نے ٹال مٹول کے بعد انکار کر دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرین نے پولیس کو بتایا کہ ملزم منظم گروہ کی صورت میں سرمایہ کاری اور پرکشش منافع کا لالچ دیکر لوٹتے ہیں ۔پولیس نے دین کالونی کی رہائشی عزیز فاطمہ ،رحمت پارک کی عنبرین فاطمہ ،پی اے ایف روڈ کے حذیفہ شبریز و دیگر متاثرین کی مدعیت میں وقاص، ناز تصور، فیصل سیالوی، قاسم، علی اکبر، خرم شہزاد اور دیگر نامزد ملزموں کیخلاف مزید مقدمات درج کر لئے ۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کیخلاف پہلے سے درج مقدمات اور دیگر متاثرین کے دعوؤں کا ریکارڈ بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ فراڈ نیٹ ورک کو بے نقاب کیاجا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...