اپنی چھت،اپنا گھر منصوبہ،شہریوں کو تاخیر پر مشکلات
منصوبے کی کامیابی میں اداروں میں رابطے کا فقدان بڑی رکاوٹ ، ضلعی افسروں کومائیکرو فنانس اداروں کے فیلڈ سٹاف کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے اپنی چھت، اپنا گھر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی راہ میں اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان بڑی رکاوٹ بن گیا، ریجن بھر میں پروگرام کے نفاذ میں مشکلات سامنے آنے پر صوبائی حکومت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی سربراہان کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں،ذرائع کے مطابق کم آمدن والے افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے اس اہم منصوبے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران انکشاف ہوا کہ درخواست گزاروں کی تصدیق، فیلڈ رابطہ کاری اور دیگر مراحل میں تاخیر کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیکرو فنانس اداروں (MFIs) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کی سینئر مینجمنٹ کے نمائندوں نے درخواست گزاروں سے براہ راست رابطہ کر کے پروگرام کے عملی نفاذ کا جائزہ لیا، جس میں قبل از ادائیگی تصدیق اور فیلڈ سطح پر رابطہ کاری کے مسائل سامنے آئے ،جس پر حکام کی جانب سے ضلعی افسروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ مائیکرو فنانس اداروں کے فیلڈ اسٹاف کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے ، تاکہ ماہانہ اہداف کا حصول ممکن ہو سکے ،ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریونیو افسروں اور متعلقہ عملے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کیا جائے تاکہ درخواستوں کی فوری تصدیق، لینڈ مارکنگ اور دیگر ضروری مراحل بروقت مکمل کیے جا سکیں،اور یہ بھی واضح کیا گیاہے کہ پروگرام کے نفاذ میں کسی بھی قسم کی غفلت، تاخیر یا انتظامی خلا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments