خطرناک عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری

خطرناک عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری

بعض مقامات پرخستہ حال عمارتیں گرائی نہیں جا سکیں ، متعلقہ ادارے بھی مکمل کارروائی کو منطقی انجام تک نہ پہنچا سکےمتعدد کیسز میں نوٹس کی مدت ختم ہونے کے بعد متعلقہ تھانوں کو استغاثے ارسال ،مزید بارشوں سے خدشہ بڑھ گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی واضح ہدایات اور حکومتی گائیڈ لائنز کے باوجود سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں خطرناک عمارتوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے صورتحال تشویشناک رخ اختیار کر چکی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ٹیکنیکل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مون سون سیزن سے قبل تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کو سرکاری، نجی، کمرشل اور رہائشی خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کر کے گائیڈ لائن جاری کی تھی ،ذرائع کے مطابق سرگودھا میں بھی درجنوں خطرناک عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے گئے ، جبکہ متعدد کیسز میں نوٹس کی مدت ختم ہونے کے بعد متعلقہ تھانوں کو استغاثے بھی بھجوائے گئے ۔

تاہم کئی مقامات پر نہ تو خستہ حال عمارتیں گرائی جا سکیں اور نہ ہی حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکا،ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض مالکان نے نوٹس کے باوجود عمارتیں مسمار نہیں کیں، جبکہ متعلقہ ادارے بھی مکمل کارروائی کو منطقی انجام تک نہ پہنچا سکے ، جس کے باعث حکومت کو جامع عملدرآمد رپورٹ بھی ارسال نہیں کی جا سکی،جبکہ مختلف علاقوں میں موجود بوسیدہ اور مخدوش عمارتیں اب بھی رہائشیوں، راہگیروں اور قریبی دکانداروں کے لیے مستقل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ ماضی میں ایسی عمارتوں کے حصے گرنے سے حادثات بھی پیش آ چکے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ان عمارتوں کے منہدم ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر مسمار یا محفوظ بنایا جائے تاکہ مون سون کے دوران کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...