ترقیاتی منصوبوں میں نقائص، اداروں کو نوٹس
سٹی روڈ اور کچہری بازار منصوبے میں بارش کے موقع پر سامنے آنے والی خامیوں پر متعلقہ محکموں کے افسروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہائی ویز، فیسکو اور واسا کے ذمہ دار افسران کو شوکاز نوٹس ، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) چند گھنٹوں کی حالیہ بارش نے شہر میں جاری 14ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی اور حکومتی میرٹ پالیسی پر سوالیہ نشان لگا دیئے ،جبکہ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی جانب سے سٹی روڈ اور کچہری بازار منصوبے میں بارش کے موقع پر سامنے آنے والی خامیوں، ناقص نکاسی آب اور تعمیراتی نقائص پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ،ذرائع کے مطابق بارش کے بعد سٹی روڈ اور کچہری بازار کے مختلف حصوں میں پانی کے اخراج، سڑکوں کی صورتحال اور تعمیراتی معیار سے متعلق شکایات سامنے آنے پر ڈپٹی کمشنر نے ہائی ویز، فیسکو اور واسا کے ذمہ دار افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا نے واضح کیا ہے کہ عوامی منصوبوں میں غفلت، ناقص تعمیر یا غیر معیاری کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ کچہری بازار اور سٹی روڈ پر نکاسی آب کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور بارشی پانی کے بہتر اخراج کے لیے اسٹوریج ٹینک سے کنکشن کا عمل مکمل کیا جائے ،ڈی سی نے غیر قانونی طور پر سڑکیں اور فٹ پاتھ توڑنے والے سروس پرووائیڈرز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی ادارے یا کمپنی کو شہری سہولیات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،انہوں نے بیوٹیفکیشن منصوبے کا ازسرنو تکنیکی جائزہ لینے ، تعمیراتی خامیوں کی نشاندہی اور فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی،ذرائع کے مطابق حالیہ بارش کے دوران بعض ترقیاتی کاموں میں سامنے آنے والی خامیوں نے منصوبہ بندی، نگرانی اور تعمیراتی معیار کے حوالے سے اہم سوالات پیدا کیے ہیں، جس پر ضلعی انتظامیہ نے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments