کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی ، بھارت کیخلاف نعرے

کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی ، بھارت کیخلاف نعرے

سرکاری افسران و اہلکار، طلبہ، تاجر برادری، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد میں شرکت

کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محسن اقبال ڈھلوں کی قیادت میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تحصیل انتظامیہ، مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکار، طلبہ، تاجر برادری، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کمیٹی چوک سے شروع ہوئی، جہاں شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔ شرکاء نے \"کشمیر بنے گا پاکستان\" کے نعرے بھی لگائے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال ڈھلوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ریلی کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی، پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...