چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار اداروں کو سروے نتائج نہ دے سکا، ٹیکس نیٹ نہ بڑھا
مینوفیکچرنگ یونٹس، تھوک و پرچون کے مراکز اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کا مستند ڈیٹا مکمل طور پر اکٹھا نہیں کیا جا سکا،پالیسی سازی کے لیے درکار معلومات بھی ادھوری رہ گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ٹیکس نیٹ میں توسیع اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لیے گزشتہ سال شروع کیا گیا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کا سروے مطلوبہ نتائج نہ دے سکا، جس کے باعث ٹیکس نیٹ میں حکومتی اہداف کے مطابق اضافہ بھی ممکن نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ سال شروع کیے گئے اس سروے میں سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں مطلوبہ پیش رفت نہ ہو پائی،، جس کے باعث ہزاروں کاروباری اداروں، مینوفیکچرنگ یونٹس، تھوک و پرچون کے مراکز اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کا مستند ڈیٹا مکمل طور پر اکٹھا نہیں کیا جا سکا۔ یہی وجہ ہے کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع اور پالیسی سازی کے لیے درکار معلومات بھی ادھوری رہ گئیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پھر سے پاکستان بیورو آف شماریات کے تحت نئی ٹیمیں تشکیل دینے کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں ،جو مرحلہ وار سروے مکمل کریں گی اس دوران چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی اداروں (SMEs)، مینوفیکچرنگ یونٹس، تھوک و پرچون کی دکانوں، موٹر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مرمت و دیکھ بھال کے مراکز سمیت مختلف کاروباری شعبوں کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کیا جائے گااس سلسلے میں متعلقہ ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیموں کو متعلقہ اداروں تک رسائی یقینی بنائی جائے اور مطلوبہ معلومات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے ،حکومتی ذرائع کے مطابق تازہ سروے سے حاصل ہونے والا مستند ڈیٹا ٹیکس نیٹ میں اضافے ، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سے متعلق مؤثر معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments