ظفر کالونی کی 3 گلیاں سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گئیں
ظفر کالونی کی 3 گلیاں سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گئیں اہل علاقہ جنازے بھی سیوریج کے پانی سے گزار کر لے جانے پر مجبور ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ظفر کالونی بلاک بی کی تین گلیاں طویل عرصے سے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، جس کے باعث سینکڑوں مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گلیوں میں جمع گندے پانی کے باعث آمدورفت تقریباً ناممکن ہوگئی ہے جبکہ اہل علاقہ کو جنازے بھی سیوریج کے پانی سے گزار کر لے جانے پر مجبور ہونا پڑتا ہے ۔مکینوں کے مطابق علاقے کی مین سیوریج لائن طویل عرصے سے خراب پڑی ہے ، جس کے باعث گندا پانی گلیوں میں جمع ہورہا ہے ۔ اہل علاقہ کی جانب سے متعدد مرتبہ متعلقہ اداروں کو مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال مستقل بنیادوں پر سیوریج لائن کی مرمت نہیں کی جاسکی۔گلیوں میں کئی کئی روز تک کھڑے رہنے والے گندے پانی سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے جبکہ مچھروں اور دیگر حشرات کی بھرمار نے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کا پانی گھروں کے دروازوں تک پہنچ چکا ہے اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔چیئرمین سینیٹر سیٹیزن فاؤنڈیشن عبدالقدیر خان نے واسا کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی صورت میں صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے اور سیوریج کا پانی گلیوں میں پھیل جاتا ہے ۔ گندے پانی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ظفر کالونی کے دیرینہ سیوریج مسئلے کا فوری نوٹس لے کر مین سیوریج لائن کی مستقل بنیادوں پر مرمت کرائی جائے تاکہ مکینوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments