جعلی عاملوں اور پیروں کیخلاف حکومتی مہم ایک سال بعد بھی بے نتیجہ، کریک ڈائون نہ ہوسکا

جعلی عاملوں اور پیروں کیخلاف حکومتی مہم ایک سال بعد بھی بے نتیجہ، کریک ڈائون نہ ہوسکا

200 سے زائد مشتبہ افراد کے کوائف ضلعی انتظامیہ کو فراہم کیے جانے کے باوجود کارروائی التوا کا شکار ،توہم پرستی کے نام پر سادہ لوح شہریوں کے مبینہ استحصال کا سلسلہ بدستور جاری ، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر )ضلع سرگودھا میں جعلی عاملوں اور پیروں کے خلاف حکومتی مہم ابتدائی رجسٹریشن اور کاغذی کارروائی سے آگے نہ بڑھ سکی، جبکہ ویجی لینس رپورٹ میں نشاندہی کیے گئے تقریباً 200 سے زائد مشتبہ افراد کے کوائف ضلعی انتظامیہ کو فراہم کیے جانے کے باوجود کریک ڈاؤن ایک سال سے عملدرآمد کا منتظر ہے ۔ دوسری جانب توہم پرستی کے نام پر سادہ لوح شہریوں کے مبینہ استحصال کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔جعلی پیروں اور عاملوں کے خلاف کارروائی کیلئے ویجی لینس ادارے نے تفصیلی رپورٹ صوبائی حکام کو ارسال کی تھی، جس کے بعد 200 سے زائد مشتبہ افراد کے کوائف اور دیگر تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو فراہم کی گئیں اور کارروائی کے لیے واضح گائیڈ لائن بھی جاری کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے ابتدائی سطح پر محدود رجسٹریشن اور کاغذی کارروائی کے بعد معاملہ عملی کارروائی تک نہ پہنچ سکا اور جعلی عاملوں کے خلاف کریک ڈاؤن رک گیا۔ شہریوں کے مطابق جن نکالنے کے نام پر تشدد، خواتین کو ورغلانے اور مبینہ غیر اخلاقی حرکات کے واقعات میں بھی حالیہ برسوں کے دوران اضافہ ہوا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض جعلی پیر مذہبی تعلیم سے نابلد ہونے کے باوجود جادو ٹونے مختلف بیماریوں کے علاج کے نام پر بھاری رقوم بھی وصول کرتے ہیں۔شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی عاملوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ سادہ لوح شہریوں کو استحصال سے بچایا جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...