سرکاری دفاتر اور اینٹی کرپشن کے دفتر میں بھی پٹواری مافیا سرگرم، سرکاری ریکارڈ تک رسائی

سرکاری دفاتر اور اینٹی کرپشن کے دفتر میں بھی پٹواری مافیا سرگرم، سرکاری ریکارڈ تک رسائی

مبینہ طور پر بعض اعلیٰ افسران سے تعلقات اور اثرورسوخ کا دعویٰ بھی کیا جاتا،پٹوار ریکارڈ میں زمینوں کی ملکیت اور انتقالات سمیت انتہائی اہم معلومات موجود ہوتی ہیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع بھر میں پٹوار خانوں کے انتظامی معاملات اور سرکاری ریکارڈ تک غیر متعلقہ افراد کی مبینہ رسائی کے حوالے سے شہریوں میں تشویش بڑھنے لگی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض پٹواریوں کے منشی مبینہ طور پر نہ صرف پٹوار خانوں میں آزادانہ آمدورفت رکھتے ہیں بلکہ سرکاری ریکارڈ اور مختلف سرکاری دفاتر تک بھی ان کی رسائی کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں بالخصوص شہر کے حلقہ نمبر44، 45 اور حلقہ نمبر 47 میں پٹوار خانوں کے معاملات میں سرگرم مافیا آج کل زیر بحث بنا ہواہے جو کہ سرکاری ریکارڈ کے ساتھ مختلف سرکاری دفاتر اور اینٹی کرپشن کے دفتر میں بھی نظر آتا ہے ، جبکہ وہ مبینہ طور پر بعض اعلیٰ افسران سے تعلقات اور اثرورسوخ کا دعویٰ بھی کرتا ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی غیر متعلقہ شخص کو سرکاری ریکارڈ تک رسائی حاصل ہے تو یہ محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ ریکارڈ کے تحفظ اور شفافیت سے جڑا اہم سوال ہے ۔

ان کے مطابق پٹوار ریکارڈ میں زمینوں کی ملکیت اور انتقالات سمیت انتہائی اہم معلومات موجود ہوتی ہیں، اس لیے غیر مجاز افراد کی رسائی کے امکانات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے پٹوار خانوں میں غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت اور سرکاری ریکارڈ تک مبینہ رسائی کا جائزہ لیا جائے ، جبکہ مذکورہ شکایات کی بھی شفاف اور غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے شہریوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ریکارڈ تک رسائی کے لیے واضح قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ، غیر متعلقہ افراد کی رسائی فوری طور پر روکی جائے اور ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل، جعلسازی یا دیگر بے ضابطگیوں کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...