خوشاب کی ڈویلپمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ،آصف بھا
خوشاب کی ڈویلپمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ،آصف بھا وہ وقت دور نہیں جب خوشاب ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں کھڑا نظر آئیگا
خوشاب(نمائندہ دنیا ) پنجاب اسمبلی کے رُکن ، سابق صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا نے کہا ہے کہ ضلع خوشاب کی ڈویلپمنٹ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز پنجاب کے اس پسماندہ ضلع پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ انشاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب خوشاب پنجاب کے جدید اور ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں کھڑا نظر آئیگا۔ اپنی رہائش گاہ پر پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اُنھوں نے بتایا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب کے تین اضلاع کو سر فہرست رکھا گیا جن میں خوشاب بھی شامل ہے اور اس پراجیکٹ کے تحت فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ خوشاب ، جوہرآباد اور ہڈالی کیلئے بھی 10 مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس کی منظوری دے دی گئی ہے انشاء اﷲ بہت جلد کام شروع ہو جائیگا۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے میری استدعا پر ضلع خوشاب کیلئے فراہم کئے جانیوالے دیگر میگا پراجیکٹس میں جوہرآباد کی طرح مٹھہ ٹوانہ اور ہڈالی میں سپورٹس کمپلیکس ، دریائے جہلم کے قریب خوشاب میں سپورٹس کمپلیکس ، فیملی پارکس ، کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین کیلئے بسوں کی فراہمی شامل ہے ۔ اُنھوں نے بتایا کہ ضلع خوشاب کے سرکاری ہسپتالوں کو فعال سے فعال تر بنانے کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خوشاب کی الگ الگ حیثیت برقرار کر دی گئی ہے جس سے ٹی ایچ کیو ہسپتال خوشاب کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments