زیرِ زمین بجلی کے کیبل کوریڈورز میں بارشی پانی ، خطرات لاحق
زیرِ زمین بجلی کے کیبل کوریڈورز میں بارشی پانی ، خطرات لاحق میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کو اصلاحی اقدامات کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سٹی روڈ اور کچہری روڈ کے اطراف تزئین و آرائش کے میگا منصوبہ کے تحت فیسکو کے زیرِ زمین بجلی کے کیبل کوریڈورز میں بارشی پانی اور سیوریج کے بیک فلو داخل ہونے کے باعث بجلی کی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کو ممکنہ خطرات لاحق ہوگئے ، فیسکو کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واسا اور میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اصلاحی اقدامات کی ہدایت کردی، ذرائع کے مطابق اس منصوبہ پر حکومت کی جانب سے لگ بھگ 65کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اس کے باوجود انتظامیہ کے علم میں آیا ہے کہ ناکافی واٹر پروفنگ، نکاسی آب کے نامناسب ڈھلوانی میلان اور مرکزی سیوریج نیٹ ورک سے غیر درست انضمام کے باعث گندا پانی زیرِ زمین ایل ٹی کیبل ٹرینچز اور سروس کوریڈورز میں داخل ہو رہا ہے ، جبکہ بعض مقامات پر بارش کا پانی اور گھریلو فضلہ مخصوص مین ہولز یا طوفانی نالوں کے بجائے کیبل خندقوں میں خارج کیے جانے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
ابتدائی جائز ہ ے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ غیر مجاز کیبل نیٹ ورک آپریٹرز اور بعض مقامی دکانداروں کی جانب سے کیبل کوریڈورز میں سوراخ اور غیر قانونی بورنگ کیے جانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جس سے بجلی کی کیبلز کی موصلیت متاثر ہونے ، برقی خرابی اور شارٹ سرکٹ سمیت شہریوں کو بجلی کے ممکنہ جھٹکوں کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے ،جس پر صورتحال کے پیش نظر ایگزیکٹو انجینئر ہائی وے ڈویژن سرگودھا کو واسا اور میونسپل کارپوریشن کے ساتھ رابطہ کرکے فوری اصلاحی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments