واٹر سپلائی گلشن کی اراضی با اثر شخص کے نام کرانے کا انکشاف، آبادی پینے کے پانی سے محروم

واٹر سپلائی گلشن کی اراضی با اثر شخص کے نام کرانے کا انکشاف، آبادی پینے کے پانی سے محروم

شہریوں کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کے باوجود نہ تو مقامی سیاستدانوں نے اعلیٰ حکام تک آواز پہنچانا ضروری سمجھا، اور نہ ہی متعلقہ شعبوں کے سربراہان نے کسی قسم کا ایکشن لیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ ریونیو سرگودھا کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے واٹر سپلائی گلشن جمال کالونی کی اراضی ایک بااثر شخص کے نام کرائے جانے کا سنگین انکشاف ،1لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کے صاف پانی کی بنیادی سہولت سے محروم کر دیا گیا ۔حیران کن امر یہ ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر شہریوں کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کے باوجود نہ تو مقامی سیاستدانوں نے اعلیٰ حکام تک آواز پہنچانا ضروری سمجھا، اور نہ ہی متعلقہ شعبوں کے سربراہان نے کسی قسم کا ایکشن لیا،ذرائع کے مطابق اس مبینہ فراڈ کی بنیاد آج سے تقریباً 55 برس قبل رکھی گئی، جب 1970 میں محکمہ ریونیو کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے اہلکار غلام حسین نے روڑی احاطہ کا رقبہ پہلے محمد احمد کے نام الاٹ کروایا اور چند ہی دنوں بعد چالاکی سے یہ رقبہ اپنے نام منتقل کروا لیا،

یہاں تک کہ محکمہ ریونیو کے متعلقہ عملے کی معاونت سے اس جعلی منتقلی کی باقاعدہ رجسٹری بھی کرا لی گئی، جو اس پورے معاملے میں محکمانہ ملی بھگت کا واضح ثبوت ہے ،معاملے کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ گئی جب 1994 میں اسی متنازعہ رقبے پر واٹر سپلائی اسکیم تعمیر کی گئی، مگر محکمہ ریونیو نے اس غیر قانونی قبضے اور جعلی رجسٹری کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی اور آنکھیں بند رکھیں اورمحکمہ پبلک ہیلتھ نے یہ واٹر سپلائی اسکیم بلدیہ سرگودھا کے حوالے کر دی سب سے تشویشناک پہلو یہ سامنے آیا کہ جب 2010 میں مذکورہ شخص نے اپنے \\\"حق ملکیت\\\" کے لیے مقامی عدالت سے رجوع کیا تو محکمہ ریونیو کے افسران اور عملے نے عدالت میں اس کے حق میں گواہی دی، جس سے یہ شبہ مزید تقویت پکڑتا ہے کہ محکمانہ سطح پر یہ ملی بھگت برسوں سے منظم انداز میں جاری تھی،اور چند ماہ قبل بالآخر فعال واٹر سپلائی سکیم کو سربمہر کر کے مذکورہ شخص نے باضابطہ طور پر اپنی تحویل میں لے لی اور کارپوریشن حکام نے چپ سادھ لی تاہم اب محکمہ واسا کی بروقت مداخلت پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ملوث افسران اور عملے کے تعین کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے اور جلد از جلد مکمل انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...