محکمہ ایکسائز کی 2 ماہ میں 40 کروڑ ٹیکس وصولی
سرگودھا 23 کروڑ، خوشاب 3 کروڑ ، میانوالی 5 کروڑ روپے جبکہ بھکر سے 4 کروڑ 78 لاکھ روپے کی ٹیکس وصولی شامل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا ڈویژن محمد علی نوید نے کہا ہے کہ نئے مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ کے دوران محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سے 40 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس ریکوری کی ہے ، جس میں ضلع سرگودھا سے 23 کروڑ روپے سے زائد، ضلع خوشاب سے 3 کروڑ 12 لاکھ روپے ، ضلع میانوالی سے 5 کروڑ روپے جبکہ ضلع بھکر سے 4 کروڑ 78 لاکھ روپے کی ٹیکس وصولی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفاتر کے باہر سے ایجنٹ اور ٹاوٹ مافیا کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ایکسائز دفاتر میں ایجنٹوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے ۔
شہریوں کو محکمہ سے متعلق کسی بھی کام کے سلسلہ میں براہ راست دفاتر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محمد علی نوید نے کہا کہ اگر کوئی شخص سرکاری کام کے عوض رقم کا مطالبہ کرتا ہے تو شہری تمام ای ٹی اوز اور متعلقہ افسران کو شکایت کرسکتے ہیں جبکہ محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ براہ راست نمبروں پر بھی شکایت درج کرائی جاسکتی ہے ۔ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس خوشاب کے اچانک دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ڈائریکٹر ایکسائز نے دفتر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور افسران و اہلکاروں کو عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی، دفتری امور میں شفافیت اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ٹیکس وصولی کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شہریوں کو ٹیکس نوٹسز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ 30 ستمبر تک دستیاب حکومتی رعایت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور شفاف نظام کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments