شہر کی خوبصورتی، محکمہ مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا

شہر کی خوبصورتی، محکمہ مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا

گرین بیلٹس اور پارکس کی حالت بھی مسلسل نگرانی مانگتی ہے ، شہری معمولی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ محکموں کے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور تجاوزات کے خلاف کارروائی صرف چند دن کے آپریشن، تصویری کارروائی یا جرمانوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے ،افسران کی کارکردگی بھی جانچی جانی چاہیے ،شہری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں شہری مسائل، تجاوزات، صفائی، پارکس، گرین بیلٹس اور شہر کی خوبصورتی کے لیے ایک بار پھر اعلیٰ سطحی اجلاس، افسران طلب، کارکردگی کا جائزہ اور سخت ہدایات جاری کردی گئیں،ذرائع کے مطابق شہر کے اہم بازاروں، شاہراہوں اور چوکوں میں تجاوزات کوئی نئی حقیقت نہیں، صفائی کے مسائل بارہا توجہ طلب رہے ہیں، گرین بیلٹس اور پارکس کی حالت بھی مسلسل نگرانی مانگتی ہے ، جبکہ شہری معمولی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ محکموں کے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ اگر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو ایک ہی نوعیت کے مسائل پر بار بار افسران کو طلب کرکے ہدایات دینا پڑ رہی ہیں تو اس کا مطلب واضح ہے کہ نچلی سطح پر نگرانی اور عملدرآمد کا نظام مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا،شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی صرف چند دن کے آپریشن، تصویری کارروائی یا جرمانوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے ؛ اگر تجاوزات دوبارہ قائم ہوجائیں تو متعلقہ افسران کی کارکردگی بھی جانچی جانی چاہیے ۔ اسی طرح صفائی، پارکس، گرین بیلٹس اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی صرف کاغذی رپورٹس سے نہیں بلکہ عملی طور پر سڑکوں اور گلیوں میں نظر آنی چاہیے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف، سرسبز اور خوبصورت پنجاب کے ویژن کا حقیقی امتحان بھی یہی ہے کہ عام شہری کو اپنے اردگرد تبدیلی محسوس ہو، نہ کہ اسے ہر چند روز بعد ایک نئے اجلاس کی خبر سنائی جائے ،دوسری جانب کمشنر سرگودھا ڈویژن نے افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان ہدایات کی باقاعدہ مانیٹرنگ، ذمہ داری کا تعین اور نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں، کیونکہ سرگودھا کے شہریوں کو مزید اجلاس نہیں، عملی تبدیلی، مستقل صفائی، تجاوزات سے نجات اور بہتر شہری سہولیات چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...