جڑانوالہ میں گرانفروشی عروج پر، مٹن 2800 روپے کلو فروخت
انتظامیہ جرمانوں کے بجائے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے :شہری
جڑانوالہ (خصوصی رپورٹر) تحصیل جڑانوالہ میں مہنگائی اور گرانفروشی کی صورتحال پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ، جہاں پھل، سبزیاں اور گوشت سرکاری نرخ نامے کے مطابق دستیاب نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ مٹن 2800 روپے ، بیف 1200 روپے فی کلو جبکہ برائلر مرغی کا گوشت 500 روپے میں 900 گرام فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔تفصیلات کے مطابق تحصیل جڑانوالہ میں سرکاری نرخ نامے اور مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں فرق پایا جارہا ہے ۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق مٹن کی قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ جڑانوالہ میں یہی گوشت 2800 روپے تک فروخت ہورہا ہے ، یوں سرکاری نرخ سے 1200 روپے فی کلو زائد وصول کیے جارہے ہیں۔ بیف کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں 1200 روپے فی کلو وصول کیے جارہے ہیں، یعنی 400 روپے فی کلو اضافی۔اسی طرح برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 454 روپے فی کلو مقرر ہے ، جبکہ دکاندار 500 روپے میں 900 گرام گوشت فروخت کررہے ہیں، جس کے حساب سے فی کلو قیمت تقریباً 556 روپے بنتی ہے ۔
تحصیل جڑانوالہ کے مختلف علاقوں کے بازاروں اور مارکیٹوں میں شہریوں کو سرکاری نرخ نامے کے بجائے دکانداروں کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹیں دکانوں پر آویزاں تو کردی جاتی ہیں، تاہم عملی طور پر ان نرخوں پر نہ پھل، نہ سبزیاں اور نہ ہی گوشت دستیاب ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف جرمانوں کے بجائے سرکاری نرخ نامے پر عملی طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والے گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ اسسٹنٹ کمشنر ضیاء اللہ گوندل کا کہنا ہے کہ گرانفروشوں کو جرمانے کیے جارہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments