ہائی ویز پر جرائم میں اضافے کی شکایات

ہائی ویز پر جرائم میں اضافے کی شکایات

جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں :شہری

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) فیصل آباد کو مختلف شہروں سے ملانے والی ہائی ویز اور دیگر اہم شاہراہوں پر ڈکیتی، چوری، راہزنی، نوسربازی اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے تعینات پٹرولنگ اینڈ ہائی وے پولیس کے اہلکاروں کا مبینہ طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنا معمول بن گیا ہے ۔ پٹرولنگ پولیس ٹیموں کی مبینہ عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر نے ہائی ویز اور دیگر اہم شاہراہوں کو مبینہ طور پر وارداتوں کے لیے محفوظ مقامات بنا لیا ہے ۔مین شاہراہوں اور ہائی ویز پر جرائم میں اضافے کی شکایات کے باعث یہ شاہراہیں راہگیروں اور شہریوں کے لیے غیر محفوظ تصور کی جانے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ڈکیتی، چوری، راہزنی اور نوسربازی سمیت لوٹ مار کی دیگر وارداتوں پر قابو پانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فیصل آباد پولیس کی جانب سے اقدامات تیز کیے گئے تو جرائم پیشہ عناصر نے شہر سے باہر منتقل ہونا شروع کردیا۔ دوسری جانب ضلع فیصل آباد کو دیگر شہروں سے ملانے والی ہائی ویز اور اہم شاہراہوں پر شہریوں کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے تعینات پٹرولنگ اینڈ ہائی وے پولیس کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کی مختلف ہائی ویز اور اہم شاہراہوں پر قائم چوکیوں میں تعینات پٹرولنگ پولیس اہلکاروں اور افسران کی جانب سے مبینہ طور پر عملی ڈیوٹی انجام دینے کے بجائے کاغذی کارروائیاں کرکے حکام کو سب اچھا کی رپورٹس ارسال کردی جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حقیقی معنوں میں پٹرولنگ اور مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر شہریوں کے لیے خوف کا باعث بن رہے ہیں ، پٹرولنگ اینڈ ہائی وے پولیس کے اعلیٰ حکام ہائی ویز اور دیگر اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...