فیسکو ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا، ایک اہلکار پر مبینہ تشدد
دوسری کارروائی میں موبائل چھین کر تصاویر ڈیلیٹ کرنے کا الزام،مقدمات درج
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران فیسکو ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا، ایک اہلکار پر مبینہ تشدد، دوسری کارروائی میں موبائل چھین کر تصاویر ڈیلیٹ کرنے کا الزام،مقدمات درج کر لئے گئے ،سرگودھا کے مختلف علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران فیسکو ٹیموں کو مبینہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، چک نمبر 138 جنوبی میں لائن مین تنویر احمد 7 ہزار 219 روپے کے تین ماہ کے بقایا بل کی ریکوری کے لیے پہنچا تو محمد عاصم نے مبینہ طور پر گالم گلوچ اور دھمکیاں دیں، کنکشن منقطع کرنے کی کوشش پر مبینہ طور پر لائن مین سے ہاتھا پائی کی جس پر اس نے بھاگ کر جان بچائی، دوسری جانب موہری والا میں فیسکو ڈویژنل ٹاسک فورس نے محمد اعظم کے زیر استعمال میٹر چیک کیا تو مین ایل ٹی لائن سے مبینہ کنڈی لگا کر بجلی استعمال کرنے کا انکشاف ہوا، کارروائی کے دوران موبائل چھین کر تصاویر ڈیلیٹ کی گئیں اور کنڈی اتارنے سے بھی روکا گیا، دونوں واقعات کی رپورٹس پر پولیس نے بجلی چوری، کارِ سرکار میں مداخلت، مزاحمت اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج کرلیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments