49 ٹیل پر تجاوزات سے شہریوں کیلئے مشکلات میں اضافہ
سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم عارضی تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے اہم تجارتی و مصروف مقامات قینچی موڑ اور 49 ٹیل پر تجاوزات نے شہریوں کے لیے مشکلات میں مسلسل اضافہ کر دیا، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم عارضی و مستقل تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کے ساتھ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی راستہ محدود ہوگیا، صورتحال کے باعث مختلف اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے جبکہ تجاوزات کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بھی برقرار رہتا ہے ، متعلقہ اداروں کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعدد مرتبہ آپریشن کیے گئے تاہم کارروائیاں مکمل طور پر بے اثر ثابت ہونے کے بعد تجاوزات دوبارہ قائم ہونے سے مسئلہ جوں کا توں ہے ، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بعض افراد مبینہ طور پر سڑکوں کے کناروں اور گزرگاہوں پر خوانچے ، ریڑھیاں اور دیگر سامان سجا کر بیٹھ جاتے ہیں جس سے گاڑیوں کے گزرنے کی جگہ کم ہونے کے ساتھ شہریوں کو پیدل آمدورفت میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے ، شہریوں کے مطابق تجاوزات کے باعث پہلے سے مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام مزید متاثر ہوتا ہے اور معمولی بے احتیاطی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے ، اہل علاقہ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ قینچی موڑ اور 49 ٹیل کو تجاوزات سے مستقل طور پر پاک کرانے کے لیے بلاامتیاز اور مسلسل کارروائی کی جائے ، تجاوزات دوبارہ قائم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال، پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ بحال اور شہریوں کو حادثات کے بڑھتے خطرے سے نجات دلائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments