مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی مہم اگلے مرحلے میں داخل
مہم کے دوران ضلع بھر میں دستخطی کیمپ قائم کیے جائینگے ، جاوید اقبال ساجد
میانوالی (نامہ نگار)پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر مہم اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ساجد نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر ضلع میانوالی میں محضرنامے پر دستخطی مہم کا آغاز یکم اکتوبر سے کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ جاوید اقبال ساجد نے کہا کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں دستخطی کیمپ قائم کیے جائیں گے ، جبکہ جماعت اسلامی کے کارکنان مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر عوام کو محضرنامے سے آگاہ کریں گے اور ان سے دستخط حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محضرنامے میں پٹرولیم لیوی اور دیگر ناجائز ٹیکسوں کے خاتمے ، آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے ظالمانہ معاہدوں کے خاتمے ، شوگر مافیا کو لگام دینے اور روٹی کی قیمت دس روپے مقرر کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔محضرنامے میں حکمرانوں اور افسر شاہی کو حاصل مفت پٹرول، بجلی اور دیگر شاہانہ مراعات و اخراجات کے خاتمے ، جبکہ سرکاری گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ دستخطی مہم کو بھرپور انداز میں عوام تک پہنچائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments