ریڑھیوں کیخلاف آپریشن ، کارپوریشن کا دفتر گدھا منڈی بن گیا

ریڑھیوں کیخلاف آپریشن ، کارپوریشن کا دفتر گدھا منڈی بن گیا

سڑکوں میں دوڑتی گدھا ریڑھیاں پکڑ کر کارپوریشن دفتر پہنچا دی گئیںریڑھیاں احاطے میں کھڑی،ان کے ساتھ بندھے گدھے اپنی زبان میں احتجاج کرتے رہے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر میں گدھا ریڑھیوں کے خلاف ایسا کریک ڈاؤن ہوا کہ میونسپل کارپوریشن کا دفتر ہی گدھوں کی آوازوں سے گونج اٹھا، سڑکوں اور بازاروں میں دوڑتی گدھا ریڑھیاں پکڑ کر ایک ایک کرکے کارپوریشن دفتر پہنچا دی گئیں، درجنوں گدھا ریڑھیاں احاطے میں کھڑی اور ان کے ساتھ بندھے گدھے اپنی زبان میں احتجاج کرتے رہے جبکہ دوسری جانب غریب ریڑھی بان اپنی روزی بچانے کے لیے دہائیاں دیتے نظر آئے ، ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ گدھا ریڑھی ان کے لیے صرف سامان لانے لے جانے کا ذریعہ نہیں بلکہ گھر کا چولہا جلانے کا واحد وسیلہ ہے ، محدود آمدن میں وہ لاکھوں روپے مالیت کا لوڈر رکشہ یا دیگر گاڑی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ شہر میں گدھا ریڑھیوں کی آمدورفت ختم کرنا چاہتی ہے تو انہیں متبادل ذریعہ معاش یا مناسب سہولت بھی فراہم کی جائے۔ اچانک کارروائی کے باعث ریڑھی بانوں میں تشویش پھیل گئی جبکہ کارپوریشن دفتر میں جمع گدھا ریڑھیوں اور گدھوں کے باعث منظر بھی غیر معمولی بن گیا، شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل کا حل ضروری ہے تاہم غریب محنت کشوں کے معاشی حالات کو بھی پیش نظر رکھا جانا چاہیے ، دوسری جانب میونسپل کارپوریشن حکام کے مطابق کارروائی ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر شہر میں شہری نظم و ضبط اور انتظامی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...