بیف 1200،مٹن 2800روپے فی کلو تک فروخت
بیف 1200،مٹن 2800روپے فی کلو تک فروخت شہری سرکاری نرخ سے 300روپے اور مٹن پر 1300تک زائد ادا کرنے پر مجبور
سرگودھا(نعیم فیصل سے )) کسمپرسی کا رونا رو نے والے قصابوں کی جانب سے مہنگے گوشت کی فروخت سے شہریوں کی کھال اتارنے کا سلسلہ بدستور اور دھڑلے سے جاری ہے سرکاری نرخ نامے کے مطابق بیف 900 روپے جبکہ مٹن 1700 روپے فی کلو مقرر ہے ، تاہم ملت آباد روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ،اعظم مارکیٹ ، قینچی موڑ، چونگی نمبر 9، جناح کالونی، بلاک نمبر 10، استقلال آباد، کوٹ فرید، گل والا، بلاک نمبر 13 سمیت شہر کے مختلف ایریاز اور دیہی علاقوں میں بیف 1100 سے 1200 روپے جبکہ مٹن 2500 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ، یوں شہری بیف پر سرکاری نرخ سے 300 روپے اور مٹن پر 1300 روپے تک زائد ادا کرنے پر مجبور ہیں، گرانفروشی میں ملوث قصابوں کے کوائف ویجی لینس ٹیموں کی جانب سے انتظامیہ کو پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔، ذرائع کے مطابق قصاب انتظامیہ کو سرکاری نرخ پر گوشت فروخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں تاہم زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے ، دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں ہونے کے باوجود صارفین سے مبینہ طور پر منہ مانگے دام وصول کیے جا رہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ قبل ازیں انتظامیہ نے ایکشن لیا تھا مگر اثر و رسوخ کے باعث سابقہ افسران ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو گئے جبکہ موجودہ انتظامیہ نے سرے سے اس جانب رخ نہیں کیا، جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments