گندم :ہدف نامکمل، ضلعی افسروں کیخلاف ایکشن ہوگا

گندم :ہدف نامکمل، ضلعی افسروں کیخلاف ایکشن ہوگا

کاشتکاروں کا گندم کے موجودہ نرخوں اور مہنگائی کے باعث کھاد، زرعی ادویات اور دیگر مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تحفظات کا اظہار ، محکمہ زراعت کے رابطے تیز

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لیے محکمہ زراعت کے افسران کو کاشتکاروں سے رابطے تیز کرنے اور انہیں گندم کی کاشت کی ترغیب دینے کی ہدایت کر دی ہے ۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ جن اضلاع میں مقررہ ہدف سے کم رقبے پر گندم کاشت کی گئی، وہاں محکمہ زراعت کے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب کاشتکاروں نے گندم کے موجودہ نرخوں اور مہنگائی کے باعث کھاد، زرعی ادویات اور دیگر مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کا مؤثر نظام موجود نہ ہونے اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث مڈل مین کاشتکاروں سے سستے داموں گندم خرید لیتے ہیں، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔کاشتکاروں کے مطابق گندم کی کاشت کے مقابلے میں کینولا کی فصل پر لاگت کم آتی ہے ، جس کے باعث متعدد زمیندار کینولا کی کاشت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت مقرر کرنے کے باوجود خریداری کے وقت مڈل مین سرگرم ہو جاتے ہیں، جبکہ کاشتکاروں کو استحصال سے بچانے کے لیے انتظامیہ مؤثر کردار ادا کرتی دکھائی نہیں دیتی۔کاشتکاروں نے کہا کہ ماضی میں محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی خریداری سے انہیں ریلیف ملتا تھا، تاہم موجودہ صورتحال میں انہیں اپنی فصل کی مناسب قیمت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

انہوں نے حکومت پنجاب کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم کی خریداری کا مؤثر نظام بنایا جائے ، کاشتکاروں کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے اور زرعی اخراجات میں اضافے کے پیش نظر انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے تاکہ گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...